مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیر نواز شریف کی وطن واپسی پر انہیں جیل جانے سے بچانے کے لئے پارٹی کی قانونی ٹیم کی جانب سے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے مسلم لیگ ( ن ) کی جانب سے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم، پاکستان آنے پر ان کے جیل جانے کا خدشہ ہے اور اس خدشے کے پیش نظر پارٹی کی قانونی ٹیم نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف کی جانب سے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور اس حوالے سے درخواستوں کا ابتدائی مسودہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد ( ن ) لیگ کی جانب سے 48 گھنٹے میں درخواست دائر کئے جانے کا امکان ہے اور دونوں ریفرنسز میں درخواستوں کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے تاہم، مختلف قانونی نکات پر غور کے بعد منگل تک درخواستوں کا مسودہ فائنل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے ریفرنسز میں نوازشریف کو 10 سال قید اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ کیا تھا جبکہ عدالت نے انہیں 10 سال کے لئے عوامی عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ ن لیگ کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔