انڈین ریاست تمل ناڈو کے وزیر برائے یوتھ ویلفیئر اینڈ سپورٹس ڈویلمپنٹ اُدھے سٹالن نے نریندر مودی اسٹیڈیم میں انڈین شائقین کی جانب سے پاکستانی بیٹر محمد رضوان کے خلاف لگائے گئے نعروں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اُدھے سٹالن نے سوشل میڈیا ایپ ایکس (ٹوئٹر) پر انڈین شائقین کے نعریں لگاتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ناقابل قبول اور گری ہوئی حرکت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کو حقیقی بھائی چارے کو فروغ دیتے ہوئے ملکوں کے درمیان متحد کرنے والی قوت ہونا چاہیے۔
اُدھے سٹالن کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب ہفتے کو انڈیا کے خلاف میچ میں محمد رضوان آؤٹ ہو کر جب پویلین واپس جا رہے تھے تو انڈین شائقین مذہبی نعرے لگا رہے تھے۔
دوسری جانب اے ایف پی کے مطابق جہاں ’بلیو شرٹس‘ کے سمندر میں ’گرین شرٹس‘ نہ ہونے کے قریب تھیں، وہیں احمدآباد میں محمد عزیر اور آصف سید علی وہ دو پاکستانی تھے جنہیں میچ میں گرین شرٹس کو سپورٹ کرتے دیکھا گیا۔ یہ دونوں دوست سنیچر کو امریکہ کے شہر ہیوسٹن سے احمد آباد اپنی پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے پہنچیں تھے۔
محمد عزیر اور آصف سید علی کے علاوہ امریکہ سے ہی آئے پاکستانی نژاد شہری محمد بشیر بھی گرین شرٹس کو سپورٹ کرنے کے لیے موجود تھے البتہ انڈیا کی جانب سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر کے باعث پاکستان سے پاکستانی مداح انڈیا نہیں جا سکے۔