خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 خوارجیوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع جنوبی وزیرستان کےعلاقے سرواکئی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔
کامیاب کارروائی میں 4 خوارجی دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا۔
علاقے میں موجود مزید دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چار خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں لائق تحسین ہیں، خوارجی دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لئے قوم یکسو ہے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔