وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر سے وفاق پر چڑھائی کی دھمکی دے دی۔
ہفتہ کو اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ 9 نومبر کو صوابی سے فائنل کال دیں گے اور جرگے میں پاکستان بند کرنے کا لائحہ عمل دیں گے ، پھر پیچھے نہیں ہٹیں گے ، ہم نے پرامن رہ کر بہت ماریں کھا لیں ، گورنرراج سے ڈرنے والے نہیں ۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عوامی طاقت کے ذریعے وفاقی حکومت سے جان چھڑائیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات نہیں دی جارہیں، یہ رویہ قابل مذمت ہے، ان سے ناروا سلوک برداشت نہیں کریں گے، اب حکومت سے جان چھڑانا پڑے گی، اب سفر پر کفن باندھ کر نکلیں گے ، یہ فائنل کال ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنےحقوق لے کر واپس جائیں گے، سب کو فائنل کال کی وارننگ ہے، پختونخوا کا جرگہ ہوگا ، پاکستان بھر سے لوگ آئیں گے، مشاورت ہوگی کیسے نکلنا اور ملک کیسے بند کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کے پی ہاؤس پر کیا سوچ کر چڑھائی کی؟، کوئی پوچھنے والا نہیں، میں حساب نہیں لے سکتا لیکن یہ نہیں ہوگا کہ حساب نہیں ہوگا۔