پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصرکا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ پروگرام فائنل کرنے کے بعد ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رکن اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم منتخب نمائندے اور ایک سیاسی جماعت ہیں ، بانی پی ٹی آئی سے سیاسی بات نہیں تو اور کیا کریں گے ، آئین اور قانون ہمیں اپنے لیڈر سے سیاسی بات کرنے کا حق دیتے ہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ حقوق کی پامالی ، چادر اور چاردیواری کی بے حرمتی ہو رہی ہے ، حکومت کے ایسے حربوں سے دباؤ میں آنے والے نہیں ہیں۔
اس موقع پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم اپنے لیڈر سے ملاقات کیلئے آئے تھے لیکن جیل حکام نے کہا بیان حلفی دیں کہ سیاسی بات نہیں کریں گے، وہ بھی انڈر ٹیکنگ دیں کہ سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے پارٹی لیڈر سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے جیل سہولیات واپس لی گئیں اور انہیں غیرمعیاری کھانا دیا جارہا ہے، بشریٰ بی بی نے جیل میں سخت حالات کا مقابلہ کیا، ہم اپنے سیاسی قیدیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔