ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی کو نشانہ بنانے پر تشویش ہے، ہائی کمیشن کی گاڑی کو نشانہ بنانے پر قانونی کارروائی کریں گے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیرداخلہ لندن میں قاضی فائز عیسی پر حملے پر تفصیلی بیان دے چکے، لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی کو نشانہ بنانے پر تشویش ہے، پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی کو نشانہ بنانے پر قانونی کارروائی کریں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل برطانیہ کی قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی اور انہیں مڈل ٹیمپل میں بطور بینچرمنتخب کیا گیا۔ تاہم ان کی وہاں سے روانگی کے وقت پی ٹی آئی کارکنوں نے قاضی فائز اور پاکستانی ہائی کمشن کی گاڑی پر حملہ کردیا۔
جس وقت سابق چیف جسٹس قاضی فائز تقریب میں شریک تھے اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد درسگاہ کے باہر قاضی فائز کے خلاف احتجاج کررہی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے برکس میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے، پاکستان برکس کی رکنیت کے لیےتمام شرائط پر پورا اترتا ہے۔ فلسطین و لبنان میں امن و امان کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں، عالمی برادری اسرائیل کو جنگی جرائم کی پاداش میں انصاف کے کٹہرے میں لائے، کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کےحل کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر آج دوحہ پہنچے ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی اس دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، وزیراعظم شہبازشریف امیر و قطری وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم نے ریاض سعودی عرب میں سرمایہ کاری سمٹ میں شرکت کی، وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی امریکی سیاست کے حوالے سے کوئی پوزیشن نہیں، پاکستان کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور اپنے اندرونی معاملات میں بھی کسی کی مداخلت پسند نہیں کرتا۔ کہا کہ امریکا میں ایک سزا یافتہ فرد صرف رحم کی اپیل کر سکتا ہے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جانب سے رحم کی اپیل پر تفصیلات کا انتظار ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان کسی مذاکرات کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان کا ٹی ٹی پی سمیت کسی دہشت گرد گروہ سے مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں، افغان حکومت کالعدم ٹی ٹی پی سمیت تمام گروہوں کے خلاف کارروائی کرے۔
ممتاز زہرا کا کہنا تھا کہ ہاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے افسوسناک واقعات ہوئے ہیں، پاکستان نے ماضی کے واقعات پر تحقیقات چینی انتظامیہ سے شیئر کی ہیں، چینی باشندوں اور کمپنیوں کو بھرپور تحفظ فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔