نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ماہ کیلئے بجلی 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی جبکہ فیصلہ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد جاری ہو گا ۔
چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں درخواست پر سماعت ہوئی جس کے دوران سی پی پی اے حکام نے مؤقف اپنایا کہ ستمبر کے ایف سی اے میں ماہانہ دس فیصد اور سالانہ چھ فیصد کمی بنتی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ستمبر میں یومیہ زیادہ سے زیادہ پیداوار سترہ ہزار اور کم سے کم تیرہ ہزار میگاواٹ رہی ، صارفین نے 969 میگاواٹ کے نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ کی خرابی کے باعث طویل بندش کا سوال اٹھایا تو چیئرمین نیپرا نے بتایا یہ منصوبہ ٹیک اینڈ پے پر ہے اس کی بندش کا صارفین کو نقصان نہیں ہو رہا ۔
منصوبے کی خرابی کا حل چیٹ جی پی ٹی سے تلاش کئے جانے کے سوال پر ممبر کے پی نے کہا میری ذاتی رائے ہے شائد اس بات پر بھی تحقیقات ہوں ، چیئرمین نیپرا نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا ۔
نیپرا نے سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعد میں جاری کیا جائے گا ۔
درخواست منظور ہونے کی صورت میں ٹیرف میں کمی کا فائدہ ڈسکوز کے صارفین کو ہو گا ، لائف لائن ، پری پیڈ ، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور کے الیکٹرک صارفین پر اطلاق نہیں ہو گا ۔