پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے اتحادی اور مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے خیبرپختونخوا حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں میں کوئی فرق نہیں، دونوں صوبائی حکومتیں یا تو خود فسطائیت کر رہی ہیں یا فسطائیت پر خاموش ہیں۔
سربراہ مجلس وحدت المسلمین نے سوال اٹھایا کہ صوبائی حکومت بتائے کہ کرم ایجنسی میں قیام امن میں کیوں ناکام ہے؟۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت قیام امن میں مکمل ناکام ہوچکی ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ہونے والی ملاقاتوں کا نتیجہ بھی صفر ہے، کرم ایجنسی کے راستے نہ کھولے تو ملک گیر احتجاج ہوگا۔
راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ کرم ایجنسی میں حالات بہتر نہ ہوئے تو پشاور میں دھرنا دیں گے، جرگے پر جرگہ ہورہا ہے مگر ان جرگوں کا حل نہیں نکل رہا۔
غزہ جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لبنان پر اسرائیل کی پانچ ڈویژن فوج نے حملہ کیا، اسرائیلی جنگی جرائم کا ارتکاب کرسکتا ہے لیکن اس کی فوج نہیں لڑسکتی، لبنان میں اسرائیل کیخلاف حکومت نہیں بلکہ اسلامی مزاحمت لڑ رہی ہے۔
ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اسرائیل خون کی ہولی کھیلتا ہے اور مسلمان ممالک تماشہ دیکھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا جو بری طرح ناکام رہا، ایران پر حملے کی مذمت سب سے پہلے سعودی عرب نے کی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں حزب اللہ نے اسرائیل پر 45 حملے کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ صرف غزہ کی نہیں بلکہ جہان اسلام کی جنگ ہے اور مٹھی بھر لوگ اسرائیل کے عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔