آئی ایم ایف کےڈائریکٹرمڈل ایسٹ اینڈ سنٹرل ایشیا ’جیہادایزور‘ نے پاکستانی معیشت پربیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سال 2024-25 میں پاکستانی معیشت 3.2 فیصد کی شرح سےترقی کرےگی،یہ پاکستانی معیشت میں ایک بہتری کا اشارہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف ڈائریکٹر مڈل ایسٹ کا کہناتھا کہ مہنگائی 29 فیصد سے کم ہو کر اس سال 12.6 فیصد ہوگئی ہے، توقع ہے پاکستان میں اگلے سال مہنگائی مزیدکم ہوکر 10.6 فیصد پر آ جائے گی،پاکستانی حکومت کے اصلاحاتی پیکج کےکئی اہم مقاصد ہیں،مالی استحکام کا حصول، آمدنی میں اضافہ، خسارے میں کمی ترجیحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی میں بہتری اورمسائل حل کر کے آمدنی بڑھائی جا سکتی ہے،ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات بھی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، اس سے پاکستان میں نجی شعبے کے لئے مزید مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، پاکستانی معیشت کو زیادہ برآمدی صلاحیت حاصل ہوگی۔
جیہاد ایزور کا کہناتھا کہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار بنے گا،مالیاتی پالیسی مہنگائی میں کمی اور سرمائے کی روانی میں رکاوٹیں دور کرنے میں مددگار ہے،اس سے کرنٹ اکاؤنٹ پر بوجھ کم ہوگا، معیشت میں استحکام آئے گا، مالیاتی خطرات میں کمی اورتوانائی شعبے میں بہتری آئے گی۔