انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی اور بیروزگاری میں کمی کی پیشگوئی کر دی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے ورلڈ اکنامک آوٹ لُک رپورٹ 2024 جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 9.5 فیصد رہے گی، بیروزگاری کی شرح کم ہوکر 7.5 فیصد پر آنے کا امکان ہے جبکہ معاشی ترقی کی رفتار میں بتدریج تیزی متوقع ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں اس سال مہنگائی کی اوسط شرح 9.5 فیصد رہے گی جو گزشتہ سال 23 فیصد سے زیادہ تھی، مہنگائی کی سالانہ شرح 12 فیصد ہدف کے مقابلے 10.6 فیصد تک محدود رہنے کی بھی توقع ہے۔
رواں مالی سال شرح نمو 3.2 فیصد رہے گی، اگلے سال 4 فیصد جبکہ سال 2029 تک بتدریج 4.5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں عالمی معیشت 3.2 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی، البتہ علاقائی تنازعات، سماجی تناؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے پیٹرولیم مصنوعات اور اجناس کی عالمی سپلائی اور پالیسی ریٹ میں کمی کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
امریکا میں صدارتی انتخابات سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں الکیشنز سے عالمی معاشی پالیسیوں میں تبدیلی بھی متوقع ہے۔