الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کو اُس کی ملک و بیرون ممالک خدمات کے اعتراف میں ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان نے انسانی حقوق کے ایوارڈ سے نوازا گیا، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے یہ ایوارڈ نائب صدر محمد عبدالشکور نے وصول کیا۔
اس موقع پر محمد عبدالشکور نے ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کا کاشکریہ ادا کرتے ہوئے انسانی حقوق ایوارڈ کے بانی قانون دان ایس۔ ایم۔ ظفر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خالصتاَ انسانی بنیادوں پر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الخدمت نے زلزلہ، سیلاب، کورونا سمیت پاکستان میں کسی بھی ناگہانی آفت میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے اور الخدمت کے رضاکار ہمارا سرمایہ ہیں جو اپنی جان کو خطرات میں ڈال کر انسانی جانوں کو محفوظ بناتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت نے ترکیہ کے حالیہ زلزلے میں حکومت ترکیہ کی دعوت پر وہاں خدمات سر انجام دیں جس پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔