سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین اور ژوب میں میں مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے دو دہشت گردوں کو ہلاک جبک 5 کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع پشین میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ کامیاب کارروائی کے نتیجے میں 5 خوارج گرفتار کر لئے گئے۔
دہشت گردوں سے تین خود کش جیکٹس سمیت بڑی تعداد میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد قبضے میں لے لیا گیا۔ گرفتار خوارج مختلف دہشت گردانہ حملوں میں ملوث تھے اور وہ سیکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع ژوب میں دوسری کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو خوارج مارے گئے۔ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے اور بے گناہ شہریوں کی حفاظت کے لیے پُرعزم ہیں۔