وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نہ بھی مانے تو نمبر پورے ہیں مگر آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ جب بھی آئینی ترامیم ہوئی ہیں اس طرح کی مشکلات آتی ہیں۔ تمام پارٹیوں کو منانے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیردفاع نے مزید کہا کہ نمبر پورے ہیں کوشش ہے مولانا فضل الرحمان مان جائیں، مولانا فضل الرحمان نہ بھی مانے تو نمبر پورے ہیں۔
یاد رہے کہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے گزشتہ روز آئینی ترمیم کے مسودے کو منظور کرلیا تھا جس کے بعد فوراً وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منظوری دیئے بغیر ختم ہو گیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ڈیڑھ بجے ہوگا۔
قومی اسمبلی اورسینیٹ کے اہم اجلاس آج دوبارہ ہوں گے۔ جمعہ کو دونوں ایوانوں کے اجلاسوں میں آئینی ترامیم پیش نہ کی جاسکیں۔ سینیٹ اجلاس دن 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔