بریسٹ کینسر کے عالمی دن پر صدرمملکت آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چھاتی کا کینسر عام ہونے کی بڑی وجہ خواتین میں آگاہی کی کمی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ چھاتی کا کینسر خواتین میں سب سے زیادہ تشخیص ہونے والا کینسر ہے، اور یہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں خواتین کی اموات کی بڑی وجہ بن رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں اس بیماری کے واقعات زیادہ ہیں اور اس کی بڑی وجہ خواتین میں آگاہی کی کمی ہے۔
صدر مملکت کے مطابق، پاکستان میں ہر 9 میں سے ایک خاتون کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ لاحق ہے، اور اس مرض کی دیر سے تشخیص موت کی شرح میں اضافہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات بھی علاج کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں اور اس حوالے سے آگاہی اور علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے زور دیا کہ خواتین کو خود معائنہ کرنے کی عادت اپنانی چاہیے اور ملک میں میموگرافک اسکریننگ کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے پالیسی سازوں اور صحت حکام پر زور دیا کہ وہ اس مرض کے خلاف منظم منصوبہ بندی کریں اور مریضوں کو بہتر علاج اور دیکھ بھال فراہم کی جائے۔