جنوری 2023 میں بجلی بلیک آؤٹ کے معاملےپر نیپرا نے پونے دو سال بعد سی پی پی اے اور این ٹی ڈی سی کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے دونوں کمپنیوں کو مانگی گئی وضاحت کا تسلی بخش جواب نہ دینےپر نوٹس جاری کیے گئے ہیں،سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی( سی پی پی اے) اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو چھبیس اکتوبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ سال 9جنوری کی صبح بجلی بند ہونے سے پورے ملک میں بلیک آؤٹ ہوگیا تھا نیپرا کے مطابق بجلی کا نظام بحال کرنے میں چوبیس گھنٹے لگ گئے تھے جو ایک غیرمعمولی واقعہ تھانیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی سے معاملے پر 12 دسمبر 2023 کو وضاحت طلب کی تھی۔ سی پی پی اے نے 19 دسمبر2023 کو نیپرا کو وضاحتی جواب میں صحت جرم سے انکارکیا تھا۔