انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے۔ 30 ستمبر کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں چودہ اکتوبر تک توسیع کی گئی تھی۔ بڑھائی گئی مدت بھی آج ختم ہو رہی ہے ۔ ٹیکس گوشوارے آج رات بارہ بجے تک جمع کرائے جا سکتے ہیں ۔
ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں اضافہ مختلف تجارتی تنظیموں، ٹیکس بار ایسو سی ایشنز اور عام لوگوں کی طرف سے کی گئی درخواستوں کی بنیاد پر کیا تھا۔
ایف بی آر کو 30 ستمبر 2024 تک تقریباً 36 لاکھ 60 ہزار انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے تھے۔ جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران موصول ہونے والے گوشواروں 19 لاکھ 50 ہزار کے مقابلے میں تقریباً 88 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ برس 62 لاکھ 40 ہزار ریٹرن فائل کیے گئے تھے۔