ایس آئی ایف سی کی معاونت اور حکومتی کاوشوں کے باعث پاکستان کے مختلف شعبوں میں سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں بہت اضافہ ہوا ہے۔
اسی حوالے سے نجد گیٹ وے ایگریکلچرل کمپنی کے چیئرمین شہزادہ منصور ایم السعود نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے گرین کارپوریٹ انیشیٹو ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران ڈی جی اسٹریٹ پروجیکٹس نے سعودی وفد کو گرین پاکستان انیشیٹو، گرین کارپوریٹ انیشیٹو کے فوکس اور آپریشن کے شعبوں کے بارے میں ایک مختصر جائزہ پیش کیا۔ سعودی وفد کو ایس آئی ایف سی کے ترجیحی شعبے 'زراعت' سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جن کا بنیادی مقصد زرعی ترقی کے ذریعے ملکی معیشت مستحکم کرنا ہے۔
پی ڈی لِمز نے وفد کو سیٹلائٹ پر مبنی نظام اور لِمز کی صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جو زرعی شعبے میں انقلابی اقدام کی عکاسی کرتا ہے۔
شہزادہ منصور ایم السعود نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے پاکستان کی زرعی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا، اس دورے کے دوران انہوں نے پاکستان میں قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گرین کارپوریٹ انیشیٹو کی کوششوں کو سراہا۔
اس سے قبل بھی ایس آئی ایف سی نے سعودی عرب کی نجد گیٹ وے ہولڈنگ کمپنی کے ساتھ ایک اہم شراکت داری پر اتفاق کیا تھا، جس میں مویشیوں کے شعبے کو ہدف بنایا گیا تھا جو کہ زبوں حالی کا شکار رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی زرخیز سرزمین کو اعلیٰ غذائیت کے لیے سازگار تسلیم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بلاشبہ ملک کے زرعی شعبے کو تقویت دینے کا باعث بنے گا۔ زراعت کے شعبے میں ترجیحی بنیاد پر کام کر کے ایس آئی ایف سی نے نہ صرف اس کی اہمیت کو ابھارا بلکہ بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔