پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدوں کیلئے سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفد وزیر سرمایہ کاری خالد عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گیاہے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز کی سربراہی میں اعلیٰ سطح تجارتی وفد ہوائی جہاز کے ذریعے نورخان ایئربیس پر اترا جہاں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان ، وزیر تجارت جام کمال، مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔
سعودی عرب کے وفد کی جانب سے پاکستان کے ساتھ 30 معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع ہے ۔ شعبوں میں زراعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، کنسٹرکشن میٹریل ، پٹرولیم اور پاورسیکٹر شامل ہیں ۔اس کے علاوہ فوڈ سیکیورٹی ، گوشت اور چاول کی برآمدات بڑھانے کیلئے معاہدوں پر بھی دستخط کیئے جانے کا امکان ہے ۔
کان کنی،آئل ریفائنری،ریلوےکےشعبےمیں تعاون میں پیشرفت کاجائزہ لیاجائےگا، اگلے4سال میں پاکستان میں5ارب ڈالرسےزائدکی سعودی سرمایہ کاری متوقع ہے ، سعودی عرب کانجی شعبہ پاکستان میں تقریبا1ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرےگا، سعودی وفد کی پاکستانی کمپنیوں سے بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں ، سعودی وفدسعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ کے تحت منصوبوں پر بات چیت کرے گا۔
سعودی وفد کا شیڈول
سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیلئے سعودی وفد کے دورے کا شیڈول طے کر لیا گیاہے ، وزیراعظم شہبازشریف کل سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ سعودی وفد کیلئےاعزاز میں عشائیے میں وفاقی وزراء بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وفد کے ساتھ کل ابتدائی بات چیت، سیکٹر اور بزنس ٹو بزنس سیشنز ہوں گے،سیشنز میں وزارت توانائی،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی حکام شامل ہوں گے،وزارت غذائی تحفظ،مواصلات اور وزارت پٹرولیم کے ساتھ بھی سیشن شیڈول ہے ۔
بات چیت میں وزارت صنعت و پیداوار اور سروسز سیکٹر کے لوگ بھی شامل ہوں گے، مختلف سیشنز کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوں گے، وفد 11 اکتوبر کو نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کرے گا۔
سعودی وفد کی عسکری حکام سے بھی ملاقاتیں بھی 11 اکتوبر کو متوقع ہیں،وزارتی سطح پر سعودی وفد کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگز بھی پرسوں ہوں گی۔