فلسطین میں جاری ظلم اور بربریت کے 365 دن مکمل ہونے پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں، سیمینار، فلسطین فنڈریزنگ کیمپ کے قیام سمیت دیگر پروگرام کا انعقاد کیا گیا جن میں فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور جنگ کے دوران شہید ہونے والے امدادی کارکنان، ڈاکٹرز، اساتذہ اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن کا مرکزی پروگرام چھتری چوک میں منعقد ہوا جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، سی ای او خبیب بلال اور ڈائریکٹر پروگرامز حماداختر سمیت زندگی کے نمایاں طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت نے اسرائیلی جارحیت کے پہلے دن ہی غزہ کے عوام کیلئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا تھا جومسلسل جاری ہے الخدمت اب تک 2707 ٹن امدادی سامان غزہ کے بہن بھائیوں کو فراہم کر چکی ہے جس میں فوڈ پیکج، بستر، کمبل، خیمے، تیارکھانا، ادویات، سرجیکل و طبی سمیت دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ لاکھوں زخمیوں اور مریضوں کےلئے غزہ کے اندر یا بارڈر کے قریب الخدمت فیلڈ ہاسپٹل کے قیام کیلئے مسلسل ورکنگ جاری ہے جلد اس پر عملدرآمد بھی ممکن ہوجائے گا، غزہ میں 42 ہزار افراد شہید، 96 ہزار افراد سے زائدزخمی، 10 ہزار سے زائد لاپتہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتال، تعلیمی اداروں، مساجد، گرجا گھروں پر بھی حملے جاری ہیں اہل پاکستان غزہ کے معصوم بچوں، مرد و خواتین اور بزرگوں کے تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اخلاقی حمایت کے ساتھ ان تک امدادی سامان پہنچانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔