مجاہدہ حسین بی بی شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے پونچھ سے تھا۔ 1947ء اور 1948ء میں مجاہدہ حسین بی بی شہید نے آزادی کشمیر کے لئے عزم و ہمت اور دلیری کی نئی داستان رقم کی۔
تفصیلات کے مطابق آپ نے جہاد کشمیر میں رضاکارانہ طور پر حصہ لیا۔ 3 اکتوبر 1947 میں مجاہدہ حسین شہید 5 آزاد کشمیر رجمنٹ میں سپاہی کے طور پر بھرتی ہوئی۔ 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب مجاہدہ حسین شہید اُس ہر اول دستے کا حصہ بنی جن کے پاس چند تلواریں اور بندوقیں تھیں۔
میدان جنگ میں ڈوگرہ فورس کے خلاف بہادری کی ایک چٹان بن گئی۔ دشمن کو بھاری نقصان پہنچاتے ہوئے مجاہدہ حسین شہید نے 7 اکتوبر 1947ء کو جام شہادت نوش کیا۔ مجاہدہ حسین شہید کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ مجاہد حیدری سے نوازا گیا۔
مجاہدہ حسین بی بی شہید کو دیا جانے والا اعزاز پاکستان کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارۂ جرات کے برابر ہے۔ مجاہدہ حسین بی بی شہید اپنا آج آنے والی نسلوں کے کل پر قربان کر کے نوجوان خواتین کے لئے مشعل راہ بن گئیں۔