انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ٹی 20 ویمنز ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ٹی 20 ویمنز ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں دبئی میں مدمقابل تھیں جہاں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار 28 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہیں جبکہ منیبہ علی 17 اور سیدہ عروب شاہ 14 رنز بناسکیں۔
بھارت کی جانب سے ارون دھاتی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں بھارتی ٹیم نے 106 رنز کا مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے کامیابی سمیٹ لی۔
بھارت کی جانب سے شفالی ورما 32 اور ہرمن پریت کور 29 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہیں جبکہ پاکستان کی طرف سے فاطمہ ثناء نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔