الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے پنجاب میں 8 انتخابی ٹریبونل قائم کر دیئے۔
ای سی پی کی جانب سے پنجاب میں 8 انتخابی ٹریبونل کے قیام کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق حاضر سروس ججز کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کی گئی اور 4 حاضر سروس اور 4 ریٹائرڈ ججز تعینات کیئے گئے ہیں۔
انتخابی ٹریبونلز لاہور ،ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی کے لئے قائم کئے گئے ہیں جو عام اور ضمنی انتخابات کی عذرداریاں سنیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شیخوپورہ ، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ ، وزیرآباد اور لاہور کیلئے جسٹس سلطان تنویر احمد پر مشتمل ٹربیونل جبکہ لاہور کے دیگر حلقوں کیلئے جسٹس ( ر ) رانا زاہد محمود پر مشتمل ٹربیونل تشکیل دیا گیا۔
چنیوٹ ، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جھنگ اور حافظ آباد کیلئے جسٹس اقبال چودھری ، قصور ، اوکاڑہ ، ساہیوال ، پاکپتن اور وہاڑی کیلئے جسٹس انور حسین پر مشتمل ٹربیونل قائم کیا گیا۔
گوجرانوالہ ، گجرات ، منڈی بہاؤالدین اور نارووال کیلئے جسٹس ( ر ) محمود مقبول باجوہ ، ملتان ، خانیوال، ڈی جی خان، تونسہ ، راجن پور ، کوٹ ادو اور لیہ کیلئے جسٹس سرفراز ڈوگر پرمشتمل ٹربیونل تشکیل دیا گیا۔
بہاولپور ، بہاولنگر ، رحیم یارخان ، لودھراں اور مظفرگڑھ کیلئے جسٹس ( ر ) ظفر اقبال اور راولپنڈی ، اٹک ، تلہ گنگ، جہلم، مری اور چکوال کیلئے جسٹس ( ر ) عبدالشکور پراچہ پر مشتمل ٹربیونل تشکیل دیا گیا۔