اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے ایرانی حملے کا جواب دینے کیلئے اپنے قریبی لوگوں اور جنگی تجربہ رکھنے والوں سے مشاورت کا آغاز کر دیاہے اور اس سلسلے میں آج تل ابیب میں اسرائیلی کابینہ کا اجلاس بھی ہوا ۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایران پر بڑے حملے کا منصوبہ بنا لیا ہے ، جس میں ایران کی تیل اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا، اسرائیل امریکہ کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف کارروائی کرے گا ، ایرانی تیل کی تنصیبات پر حملہ ملکی معیشت کو تباہ کر سکتا ہے ۔
الجزیرہ کا کہناہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے سیکیورٹی حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں وزیر دفاع ’یوآو گیلنٹ ‘اور مسلح افواج کے سربراہ ’ہرزی ہلیوی ‘شامل تھے، یہ اجلاس تل ابیب میں وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر میں ہوا۔
نیتن یاہو نے منگل کی رات اپنے خطاب میں ایران کے میزائل حملے کے جواب میں سخت کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائلز اور ڈرونز فائر کیئے گئے اور ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ وہ 95 فیصد ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کا کہناہے کہ ایران کے 95 فیصد میزائلوں کو ہوا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا ۔