مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی برآمدات میں 97 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔ مجموعی برآمدات 7 ارب 87 کروڑ 50 ڈالر سے زائد ہوگئیں۔
مالی سال کی پہلی سہ ماہی یعنی جولائی تا ستمبر میں برآمدات میں چودہ اعشاریہ ایک ایک فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی برآمدات 7 ارب 87 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ برآمدات 6 ارب 90 کروڑ ڈالر تھیں۔
دوسری جانب، درآمدات میں بھی نو اعشاریہ آٹھ چھ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور ان کا مجموعی حجم 13 ارب 31کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ تجارتی خسارے میں چار اعشاریہ دو چار فیصد اضافہ ہوا جس کےبعد جولائی تا ستمبر کے دوران تجارتی خسارہ پانچ ارب تینتالیس کروڑ ڈالر سے زائد رہا ۔
ستمبر 2023 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ برآمدات تیرہ اعشاریہ پانچ دو فیصد تک بڑھ گئیں اور ان کا حجم دو ارب اسی کروڑ پچاس لاکھ ڈالر تک پہنچا، جبکہ ستمبر 2023 میں یہ دو ارب 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھیں۔ دوسری جانب، گزشتہ ماہ درآمدات کا حجم چار ارب اٹھاوم کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا اور اس کے نتیجے میں تجارتی خسارے میں 20 فیصد سے زائد اضافہ ہوا جو ایک ارب اٹھہتر کروڑ ڈالر رہا۔
اگست کے مقابلے میں ستمبر 2024 میں بھی برآمدات میں ایک اعشاریہ پانچ چھ فیصد اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم دو ارب 76 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا، جبکہ تجارتی خسارے میں بھی ایک اعشاریہ آٹھ نو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔