اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں محدود پیمانے پر زمینی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم ابھی تک جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان کوئی جھڑپ نہیں ہوئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہم جنوبی لبنان میں زمینی کارروائی کو جلد از جلد مکمل کر لیں گے، جنوبی لبنان میں ہماری کارروائیاں آج رات تک جاری رہیں گی،جنوبی لبنان میں زمینی اور فضائی کارروائیوں میں حزب اللہ کی کئی سرنگوں کو تباہ کر دیا ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اسرائیل کی سرحد کی طرف جانیوالی نئی سرنگ اور نقشہ ملا ہے،جنوبی لبنان میں گھر کے نیچے سے ملنے والی سرنگ کی ویڈیو جاری کررہے ہیں،حزب اللہ اسرائیلی علاقوں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنارہا تھا۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے ہیں۔
ترجمان اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے لبنان میں کئی عمارتوں پر فضائی حملے کیے جہاں حزب اللہ نے ہتھیاروں کا ذخیرہ جمع کیا ہوا تھا۔ جبکہ حزب اللہ نے شہری عمارتوں میں اسلحہ رکھنے کی تردید کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج ابھی تک لبنان میں اس لئے داخل نہیں ہو سکی کیونکہ ان کی پوزیشنز مسلسل حزب اللہ کی بمباری کی زد میں ہیں۔