سال 2024 کے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کی تاریخ میں 15 دن توسیع کی تجویز سامنے آگئی۔
تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے سال 2024 کے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ توسیع کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کے پیش نظر تاریخ میں 15 دن کی توسیع کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے آخری تاریخ میں توسیع کا نوٹیفکیشن متوقع ہے۔
ایف بی آر ( فیڈرل بورڈ آف ریونیو ) کے آئرس پورٹل پر غیر معمولی رش کی وجہ سے آن لائن سسٹم سست روی کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس ریٹرن با آسانی فائل ہو رہے ہیں، ہیوی ڈیٹا یا بڑی فائلز والے انکم ٹیکس ریٹرن کی پراسسنگ میں مشکلات درپیش ہیں۔
اب تک 35 لاکھ سے زیادہ افراد نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا دیئے ہیں۔
گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد دوگنا ہوگئی ہے۔