ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ کے باعث زیادہ رش کی وجہ سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا آئی آر آئی ایس سسٹم ڈاؤن ہوگیا۔
ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ کے باعث فیصل آباد میں ایف بی آر دفاتر میں فائلرز کا رش لگ گیا، جس کے باعث آئی آر آئی ایس سسٹم ڈاؤن ہوگیا، سسٹم ڈاؤن ہونے کی وجہ سے سائیلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایف بی آر کے مقامی حکام کے مطابق 2 لاکھ سے زائد شہریوں نے ٹیکس ریٹرنز جمع کروا دیں تاہم ٹیکس ماہر نعیم قاسم گل کے مطابق فیصد شہری تاحال ریٹرنز فائل نہیں کروا سکے، تاریخ میں توسیع کے لئے ٹیکس بار نے چیئرمین ایف بی آر کو خط لکھا ہے۔
واضح رہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا آج آخری دن ہے تاہم تاجر تنظیموں کی جانب سے ایف بی آر سے آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق گوشواروں کے ساتھ اب تک 55 ارب 49 کروڑ ٹیکس بھی جمع ہوئے ہیں،37 فیصد افراد نے گوشوارے کے ساتھ کوئی ٹیکس جمع نہیں کرایا، قابل ٹیکس آمدن صفر ظاہر کرنے والوں کی تعداد 12 لاکھ 40 ہزار 742 ہے۔