پنجگور میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے مزدوروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
بلوچستان کے علاقے پنجگور میں خداآبادان کے مقام پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کا شکار ہونے والے شہید مزدوروں کی نماز جنازہ آبائی علاقوں میں ادا، فضا سوگوار ہے۔
شہید مزدوروں کی میتیں بذریعہ ہوائی جہاز ملتان ائیر پورٹ پہنچائی گئیں،دہشتگردوں کی سفاکیت کا نشانہ بننے والے چارمزدوروں فیاض حسین ،محمد سلمان, محمد ساجد اور محمد خالد کی نماز جنازہ بستی ملوک چڈھر موڑعید گاہ،شجاع آباد میں ادا کی گئی جب کہ شہید محمد شفیق، محمد رمضان اور افتخار احمد کی نماز جنازہ الکوثر جنازہ گاہ شجاع آباد میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔شہداء کے لواحقین نے اس دہشتگردی کے واقعے پر گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کیا۔
لواحقین نے حکومت سے دہشتگردوں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا، اور معصوم مزدوروں کے سفاکانہ قتل کی بھرپور مذمت کی ہے۔