خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) میں شامل تمام ممالک کیلئے سنگل ٹورسٹ ویزہ کی منظوری دے دی گئی۔ ویزہ کے اجراء سے علاقائی معیشتوں میں بہتری کے علاوہ ملازمت کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق جی سی سی کے ممالک خطے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے گیم چینجر شینگن طرز کا ویزہ شروع کرنے کے انتہائی قریب ہیں۔
مسقط میں جی سی سی کے وزراء کے اجلاس کے دوران عمان میں ثقافتی ورثہ اور سیاحت کے وزیر سلیم بن محمد المہروقی نے اعلان کیا کہ متفقہ ویزہ کے اجراء کی منظوری دے دی گئی ہے۔
سنگل ٹورسٹ ویزہ پر سیاحوں کو 6 رکنی خلیجی بلاک میں شامل ممالک متحدہ عرب امارات،سعودی عرب، بحرین، قطر،عمان اور کویت میں انٹری کی اجازت ہوگی، یہ ویزہ سروس جلد شروع کردی جائے گی،طویل عرصے سے توجہ کا باعث بننے والے ویزہ سے علاقائی معیشتوں میں بہتری کے علاوہ ملازمت کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔