برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ یوم دفاع اور شہدا کی یاد مادر وطن سے وفاداری اور خدمت کے جذبے کی تجدید کا مطالبہ کرتی ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام یوم دفاع اور شہداء پاکستان کی یاد میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 51 ممالک کے اراکین پارلیمنٹ، سفارت کاروں، دفاعی اتاشیوں سمیت معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اس موقع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع اور شہدا ہر پاکستانی سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے پیارے وطن سے وفاداری اور خدمت کے جذبے کی تجدید کرے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو مضبوط بنانے میں مسلح افواج کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں تعیناتی کے دوران مختلف ممالک میں قیام امن میں ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا بھی دنیا اعتراف کرتی ہے۔

اس موقع پر کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا گیا جو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بے مثال خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
تقریب میں شہداء کے خاندان کے افراد نے بھی شرکت کی جنہیں تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔
اس موقع پر بریگیڈیئر (ر) سعید عصمت ایس جے نے 6 ستمبر 1965 کی جنگ کا چشم دید احوال بیان کیا۔
لیفٹیننٹ کرنل شیراز شہید (خیبر ایجنسی 2011) کی بیوہ اور کیپٹن اسفند یار بخاری شہید کے بھائی (بڈھ بیر 2015) نے پاک فوج کی جانب سے شہداء کے خاندانوں کے لیے دی جانے والی بے پناہ مدد کا اعتراف کیا۔
آکسفورڈ سٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر اور آرمی پبلک سکول پشاور حملے میں زندہ بچ جانے والے احمد نواز نے مسلح افواج اور پوری قوم کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کو بیان کیا جس نے انہیں شاندار تعلیمی کامیابی حاصل کرنے میں مدد کی۔
سابق ورلڈ باکسنگ چیمپیئن عامر خان نے پاکستان آرمی کی طرف سے اپنے اعزازی کیپٹن کے عہدے اور پاکستان میں کھیلوں اور انسان دوستی کو فروغ دینے کے اپنے ویژن کے بارے میں فخر سے بات کی۔
پاکستان ہائی کمیشن میں تعینات دفاعی اور نیول ایڈوائزر کموڈور محمد ذیشان نبی نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے حاضرین کو پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع اور پاکستان کی مسلح افواج کے ہر افسر اور سپاہی کی طرف سے استعمال کی جانے والی چوکسی کا یقین دلایا۔
انہوں نے چوتھی پانچویں جنریشن وارفیئر کے چیلنجز پر روشنی ڈالی اور پاکستان کی مسلح افواج کی آگاہی، صلاحیت، موافقت اور کسی بھی جنگ کے کسی بھی میدان میں ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری کا اعادہ کیا۔

تقریب کے آخر میں قومی ملی نغموں اور گانوں کے ساتھ لائیو میوزک پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے شہداء کے لواحقین کو سووینئرز پیش کئے گئے جبکہ مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے بھی پاکستان کی مسلح افواج کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مختلف چیلنجز کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا اور شہداء کے خاندانوں سے گرم جوشی سے بات چیت کی۔





















