سوات میں غیرملکی سفارتکاروں کے قافلے پر حملے کے حوالے سے دفترخارجہ کی وضاحت سامنے آگئی۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ غیرملکی سفارتکاروں کے دورہ سوات کا اہتمام چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے وزارت خارجہ کو آگاہ کیے بغیرکیا گیا تھا۔وزارت خارجہ نے اپنے تمام پروٹوکول پورے کیے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میں موجود کسی بھی غیرملکی سفارت کار کو سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے خلاف کارروائی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نیو یارک میں دنیا کو امن کا پیغام دیا۔۔ واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین استعمال کررہے ہیں۔ پاکستان نے یہ معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان ہمسایوں کے ساتھ مل کر یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک کے لیے خطرہ نہ بنے۔