انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے پاکستان کے لئے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
بدھ کو واشنگٹن میں آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر ( ایم ڈی ) کرسٹلینا جورجیویا کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کا ایجنڈا سر فہرست تھا۔
ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی گئی اور نیا قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہوگا۔
وزیر اعظم کا اظہار اطمینان
وزیر اعظم شہباز شریف نے پیکج کی منظوری پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر میں اضافہ اعتماد کی عکاسی ہے، اگر یونہی محنت جاری رہی تو ان شاءاللہ یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔
وزیر اعظم نے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب ، چین اور متحدہ عرب امارات سمیت مینجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹلینا جارجیوا اور انکی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جبکہ حکومتی معاشی ٹیم اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے بھی اظہار تشکر کیا۔
شہباز شریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بھی شکریہ ادا کیا۔