خیبرپختونخوا کے دو شہروں سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر فائرنگ کے واقعات میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے2 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے باز خیلہ میں پولیس پر فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے ۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور مارے گئے ۔ مارے جانے والے نقاب پوش افراد کی لاشیں قبضےمیں لے کی گئیں۔
ڈی پی او سوات کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ واقعے کے بعد گاؤں باز خیلہ کے مکین بھی گھروں سے باہر نکل آئے، پولیس اور مقامی افراد نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں ملنگی ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہ ہوا،پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے، جن کی تلاش کےلیے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔