الیکشن کمیشن نے اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کی درخواست پر سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔ پی ٹی آئی کے وکلاء کی جواب جمع کرانے کیلئے دو ہفتے دینے کی استدعا مسترد کردی گئی جبکہ ن لیگ کے وکلا کو نئی درخواست دائر کرنے کی اجازت مل گئی۔
الیکشن کمیشن میں اسلام آباد کے الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی، پی ٹی آئی امیدواروں کے وکیل کی جواب جمع کرانے کے لیے وقت کی استدعا مسترد کردی گئی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ دو ہفتوں کا وقت نہیں دیا جاسکتا، ایک ہفتہ بہت ہوگا۔
وکیل ن لیگی امیدوار نے کمیشن کو بتایا کہ ہمیں درخواست جمع کرانے کا موقع دیا جائے، الیکشن ٹریبونل میں ہمارا کیس 2اکتوبر کو لگا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آپ ٹریبونل سماعت کے خلاف حکم امتناع کی درخواست جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے ایم این ایز کی درخواست پر الیکشن ٹریبونل تبدیل کیا تھا تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی امیدواروں کی درخواست پر فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔ عدالت نےالیکشن کمیشن کو معاملہ واپس بھیجتے ہوئے دوبارہ سماعت کی ہدایت کی تھی۔