وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ غزہ جیسے سانحات ہوتے رہے تو دنیا میں پائیدار ترقی اور استحکام ممکن نہیں۔
جنرل اسمبلی میں فیوچر سمٹ سے خطاب میں وزیردفاع خواجہ آصف نے ترقی پذیر ممالک کو مواقع فراہم کرنے کیلئے عالمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کردیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کیلئے قرض کے اخراجات کم کرنا ہوں گے۔ قرضوں کے نظام کا جائزہ لے کر اسے مزید مںصفانہ بنانا ہوگا۔
وزیردفاع نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ کہا مل کر کام کرنے سے محفوظ۔۔ پرامن اور خوشحال مستقبل حاصل کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف 23 سے 27 ستمبر 2024 تک نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں پاکستان کی کثیرالجہتی حمایت کا اعادہ کریں گے، عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں ہیں اور ان کے ہمراہ وفاقی وزرا خواجہ آصف،عطاتارڑ ، خالدمقبول ، طارق فاطمی ہیں۔