پاکستان اسپورٹس بورڈ ( پی ایس بی ) نے باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود اور سیکرٹری ناصر تونگ پر تاحیات پابندی لگا دی۔
پاکستانی باکسرز کے بیرون ملک لاپتہ ہونے کا معاملے میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی ہے اور تحقیقات کے بعد فیڈریشن کے صدر خالد محمود اور سیکرٹری ناصر تونگ پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے۔
انگلینڈ میں کامن ویلتھ گیمز کے دوران دو پاکستانی باکسرلاپتہ ہوئے جبکہ اٹلی میں ٹورنامنٹ کے دوران ایک باکسرغائب ہوا۔
پی ایس بی نے تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر دونوں عہدیداروں پر پابندی کافیصلہ کیا ہے اور فیصلے کے مطابق دونوں کسی بھی فیڈریشن کے عہدے دار بھی نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ صدر باکسنگ فیڈریشن خالد محمود پی او اے کے سیکرٹری بھی ہیں۔
پابندی کا فیصلہ پی ایس بی کی 30 ویں بورڈ میٹنگ کی روشنی میں کیا گیا جبکہ بورڈ میٹنگ سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطے ارشاد ندیم کیانی کی زیر صدارت ہوئی تھی۔