پنجاب کے مختلف شہروں سمیت پشاور میں میڈیکل داخلہ ٹیسٹ کے دوران امتحامی مراکز کے اطراف موبائل اور انٹرنیٹ سروسزمعطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نےحکومت پنجاب کی سفارش پر پی ٹی اے کو ہدایات جاری کردیں ہیں، موبائل اورانٹرنیٹ سروسزکی معطلی کیلئے پنجاب کے 26 امتحانی مراکز کی لوکیشن کوآرڈینیٹس پی ٹی اے کو ارسال کر دی گئی ۔
محکمہ داخلہ کے مطابق داخلہ ٹیسٹ کیلئے پنجاب کے 12 اضلاع میں 26 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں، تمام 26 امتحانی مراکز کے 500 میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔
یاد رہے کہ پنجاب کے 12 شہروں میں اتوار 22 ستمبر کو داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد ہوگا۔جن میں لاہور،گوجرانولہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور،ڈی جی خان،ساہیوال،راولپنڈی،سرگودھا،گجرات،رحیم یارخان شامل ہیں ۔
دوسری جانب پشاور میں ایم ڈی کیٹ 2024 کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس ہوا جس کی صدارت وی سی کےایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحق نے کی، اجلاس میں ضلعی انتظامیہ،پولیس سمیت متعلہ اعلی حکام نے شرکت کی ۔
اجلاس میں 22ستمبر کو 6 سینٹرز میں منعقدہ ٹیسٹ کے انتظامات کوحتمی شکل دی گئی ، ہرٹیسٹ سینٹرکی نگرانی ایس پی رینک کاافسراوراسسٹنٹ کمشنر کرے گا،ٹیسٹ سینٹرز کے اطراف کے علاقوں میں دفعہ 144 نافذ رہے گی،طلبہ کی تصدیق نادرا کے بائیومیٹرک سسٹم کے تحت کی جائےگی۔ تمام ٹیسٹ سنٹرز کے گرد ونواح میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
طلباء کو رول نمبر سلپ اور شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی مواد ساتھ لیجانے کی اجازت نہیں ہوگی، امتحانی مواد کی ٹیسٹ سنٹرز کو ترسیل اور واپسی اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں کے ایم یو کے دوسپروائیزرز پر مشتمل ٹیم کی ذمہ داری ہوگی، امتحانی مواد پولیس سکواڈ کی خصوصی نگرانی میں متعلقہ سنٹرز کو منتقل اور واپس لایاجائے گا ، طلبہ کو موبائل فون،گھڑیاں، کیلکولیٹر، امتحانی گتہ، پین، پنسل، زیورات اور اے ٹی ایم کارڈ نہ لانے کی سختی سے ہدایت کی جاتی ہے ۔
طلبہ کو منرل واٹر ،جوس، بسکٹ، بال پوائنٹ اورامتحانی گتہ ٹیسٹ سنٹرز میں فراہم کیئے جائیں گے جن کی کلیئرنس سپیشل برانچ کی ٹیم دے گی۔طلبہ کی تلاشی تین مراحل میں لی جائیگی جس کے لئے ،واک تھرو گیٹس اورمیٹل ڈیٹیکٹر کے علاوہ باڈی سرچ کی جائے گی، ٹیسٹ سنٹرز میں 1122اور محکمہ صحت کے ڈاکٹرز پر مشتمل طبی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ۔
وائس چانسلر کے ایم یو دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ کے ایم یو میں قائم کنٹرول روم سے ٹیسٹ سنٹرز اور انتظامات کی براہ راست نگرانی کریں گے، وفاقی وزارت داخلہ نےحکومت پنجاب کی سفارش پر پی ٹی اے کو ہدایات جاری کردیں ۔