پاکستان نے قومی ترانے کے بے حرمتی پر افغان قونصل جنرل کی وضاحت مسترد کردی۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی سفارتی آداب کے خلاف ہے۔ اس معاملے پربھرپور احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے۔ افغانستان کے پاس ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کی تمام ترتفصیلات موجود ہیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ یواین جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی متوقع ملاقاتوں سے بھی آگاہ کردیا۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم یواین جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران سائیڈ لائن پر اعلٰی سطح کی کئی اہم ملاقاتیں کریں گے ۔ اُن کے پروگرام میں عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہوں گی۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل یواین جنرل اسمبلی کے صدر اور اوورسیز پاکستانیوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ 23 ستمبر سے شروع ہونے والے دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔