مخصوص نشستوں کے فیصلے کے متعلق اکثریتی ججز کی وضاحت پر ڈپٹی رجسٹرار کا نوٹ سامنے آگیا۔
ڈپٹی رجسٹرار کی جانب سے رجٹسرار سپریم کورٹ کو دو دن پہلے لکھے گئے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس کو وضاحت ملی نہ فریقین کو نوٹس جاری کئے گئے ، علم میڈیا کے ذریعے ہوا۔ ڈپٹی رجسٹرار نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو نوٹ 14 ستمبر کو بھجوایا تھا ۔ اس پر رجسٹرار آفس کا جواب تاحال سامنے نہیں آیا۔
نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس نے کوئی کاز لسٹ جاری کی اور نہ ہی فریقین کو کوئی نوٹس دیا تھا ۔ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست پر نوٹسز بھی جاری نہیں ہوئے تھے ۔ الیکشن کمیشن کی متفرق درخواست پر وضاحت صرف ویب سائٹ پر جاری کی گئی ، اور آج تک رجسٹرار آفس کو بھی وصول نہیں ہوئی ۔
واضح رہے کہ 14 ستمبر کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں سے متعلق ابہام کی درخواست پر تحریری آرڈر کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب اُمیدوار ہیں، الیکشن کمیشن کی درخواست تاخیری حربہ ہے۔
سپریم کورٹ کے اکثریتی ججزجن میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس سید حسن اظہررضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان نے مخصوص نشستوں کے کیس میں 12 جولائی کے حکم پر عمل درآمد سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر وضاحت جاری کی تھی، یہ وضاحت مجوزہ آئینی ترمیم کو بھی روک سکتی ہے۔