سیاسی چیلنجز کے باوجود ملک کے تمام معاشی اشارئے مثبت سمت میں گامزن ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جمعرات کو شرح سود میں بھی 2 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد پالیسی ریٹ 19.5 فیصد سے کم ہو کر 17.5 فیصد ہوگیا ہے۔ معاشی ماہرین مرکزی بینک کے اس فیصلے کو ملک کے لیے خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شرح سود میں کمی ہونے کا عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ گھر، گاڑی اور ذاتی قرض لینے والوں کو ریلیف ملے گا۔
آئی ایم ایف سے ڈیل اور شرح سود میں کمی کے باعث کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی جبکہ روپے کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آ رہاہے ۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں 28 پیسے کمی دیکھنے میں آئی ،ڈالر278 روپے 44 پیسے سے کم ہو کر 278 روپے 16 پیسے پر آگیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر گزشتہ ہفتے کے دوران 5.62 کروڑ ڈالربڑھے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس اضافے کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 6 ستمبر تک 14.79 ارب ڈالر رہے۔
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تین دفعہ کمی کے بعد 16 ستمبر سے مزید کمی کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق 16 ستمبر سے پیٹرول 11 روپے 70 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 11 روپے 91 پیسے فی لیٹر تک سستا ہو سکتا ہے ۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں ا8 روپے 30 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 50 پیسے تک کمی ہو سکتی ہے ۔
اگست کے مہینے میں ترسیلات زر 3 ارب ڈالر رہیں، جو کہ گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 40.5 فیصد زیادہ ہے، جبکہ پاکستانیوں کی جانب سے بیرون ممالک ملازمتوں کے حصول میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست میں ترسیلات زر 2.94 ارب ڈالر رہیں، جو کہ گزشتہ سال اگست میں 2.09 ارب ڈالر رہی تھیں، تاہم جولائی کے مقابلے میں ترسیلات زر اگست میں کم رہیں، جولائی میں ترسیلات زر 2.99 ارب ڈالر رہی تھیں۔
ملکی تجارتی خسارے میں بھی مسلسل کمی ہورہی ہے جبکہ مختلف حکومتی اقدامات اور موسم میں تبدیلی کے سبب بجلی بلوں میں کمی آرہی ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے معاملات بھی طے پاگئے، 25 ستمبر کو قرض پروگرام کی منظوری کا امکان ہے۔
مبصرین کے مطابق معاشی صورتحال میں بہتری کے باعث عوام کی موجودہ سیاسی معاملات میں دلچسپی کم ہوگئی ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو تحریک اںصاف کا مصنوعی بیانیہ جلد دفن ہوجائے گا۔