لاہور میں گینگ وار کے خطرات کو ٹالنے کیلئے پولیس ہر ممکن کوششیں کرتی دکھائی دیتی ہے لیکن اب ایک مرتبہ پھر سے امیر بالاج کے چھوٹے بھائی امیر معصب نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے تہلکہ مچاد یاہے ۔
تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل شادی کی تقریب میں قتل ہونے والے امیر بالاج ٹیپو کے چھوٹے بھائی امیر معصب ٹیپو نے ویڈیو بیان جاری کیاہے جس میں انہوں نے سی سی پی او لاہور سے انصاف کی اپیل کی اور بتایا کہ گوگی بٹ اور طیفی بٹ مجھے اور میرے بھائی کو جان سے مارنے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔
ویڈیو بیان میں امیر معصب کا کہنا تھا کہ ویڈیو بنانے کا مقصد اپنے اہل خانہ پر ہونے والے ظلم پر بات کرنا ہے ، عرصہ تیس سال سے میری فیملی یہ سب کچھ برداشت کر رہی ہے، طیفی بٹ نے میرے دادا مرحوم کو اشتہاریوں سے قتل کروایا، 2010 میں میرے والد کو شہید کیا گیا، 2024 میں میرے بھائی کو شہید کیا گیا، اپنے اداروں سے پوچھتا ہوں کہ ہمارے ملزمان کہاں گئے ، میرے دادا،والد اور بھائی کے قتل میں گوگی اور طیفی بٹ ملوث ہیں، طیفی اور گوگی بٹ کہاں گئے کیا ہمارے اداروں کو نہیں پتا، میری فیملی اور نقصان برداشت نہیں کرسکتی۔
ان کا کہناتھا کہ یہ لوگ ہمیں نقصان پہنچانے کی مسلسل پلاننگ کر رہے ہیں ، میری درخواست ہے طیفی اور گوگی بٹ کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، مجھے اور میرے چھوٹے بھائی کو مارنے کی پلاننگ کی جا رہی ہے ، جاوید بٹ کے قتل میں میرے بھائی کو نامزد کرنا اسی پلاننگ کا حصہ ہے، سی سی پی او لاہور سے درخواست ہے نوٹس لیں۔