جنگ ستمبر 1965کے ہیرومیجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر)کا 59واں یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے۔
1965کی جنگ ہو یا کوئی بھی محاذ، قوم کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاک دھرتی کو ہمیشہ شاد و آباد رکھا ہے،ایسی ہی ایک مثال میجر راجہ عزیز بھٹی کی ہے جن کی لازوال قربانی کے باعث 1965کی جنگ میں جب بُزدل دُشمن نے پاکستان کو سرپرائز دینے کی ناکام کوشش کی تو وہ خُود سرپرائز ہو گیا
یہ ایک ایسی کاری ضرب تھی جسے دُشمن صدیوں تک یاد رکھے گا،1965ء کی جنگ کے دوران میجر راجہ عزیز بھٹی واہگہ سیکٹر کے علاقے برکی میں بطور کمپنی کمانڈر تعینات تھے
آپ نےBRBنہر پر دشمن کے کے حملے کو روکنے کے لیے اپنے دفاع کو منظم کیا اور اپنے آپ کو اولین دفائی لائین کا حصہ بنایا۔
انتہائی عزم و ہمت اور ولولے کے ساتھ آپ نے مسلسل پانچ دن (6تا10ستمبر) دشمن کے اُن متعدد حملوں کو پسپا کیا جنہیں بکتر بند اور بھاری توپ خانے کی مدد حاصل تھی
اِس معرکہ کے دوران آپ نے دفاع کے ساتھ ساتھ دشمن پر حملہ بھی کِیا اورBRBنہر عبور کرنے والے واحد پُل پر قابض دشمن کو پیچھے دھکیل دیا۔
12ستمبر کو میجر راجہ عزیز بھٹی خود دشمن کے آگے بڑھے بکتر بند اور پیدل دستوں پر گولہ باری کروا رہے تھے، جس کے نتیجے میں دشمن کے دو ٹینک تباہ ہو گئے
آپ نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مسلسل دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور اُسے بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا
اِسی دوران آپ کو دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ براہِ راست آ لگا جس کی وجہ سے آپ نے جامِ شہادت نوش کا
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی اس لازوال قربانی کی بدولت دشمن لاہور کی جانب پیش قدمی نہ کر سکا
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے یہ ثابت کر دیا کہ بہادر مشکلات میں گھبرایا نہیں کرتااور ملک کے دفا ع کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتا
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر)کے59ویں یومِ شہادت پر مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا،دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا،علماء نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
علماء کرام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ”زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں“،شہداء کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں،جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں،شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا،شہداء کا لہو ہم پر قرض ہے۔
پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی بِلاشُبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔