افغان مہاجرین گرفتاریوں کے معاملے پر سیفران منسٹری کا محکمہ داخلہ اورتمام صوبوں کو خط،پاکستان میں رہنے والے رجسٹرڈ مہاجرین کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق افغان مہاجرین گرفتاریوں کے معاملے پر وزرات سیفران نے محکمہ داخلہ سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو خط لکھا دیاجس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں رہنے والے رجسٹرڈ مہاجرین کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ صوبے یقینی بنائیں پی او آر اور اے سی سی کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین گرفتار نہ ہوںخط میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ افغانوں کو گرفتار اور ہراساں نہ کرے تمام صوبے اس معاملے پر ضروری اقدامات اٹھائیں۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ بلوچستان نے قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو پولیس اور انتظامیہ کو تنگ اور ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے پولیس حکام اور ضلعی انتظامیہ کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پروف آف ریسیڈنٹ ( پی او آر) اور افغان شہریت کارڈ رکھنے والے رجسٹرڈ افغان مہاجرین صرف اپنی مرضی سے اور رضاکارانہ طور پر وطن وآپس جاسکتے ہیں ۔ کسی جرائم اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث رجسٹرڈ افغان مہاجرین وطن آپس نہیں جاسکتے ۔
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ بلاوجہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو تنگ، ہراساں اور گرفتار نہ کیا جائے ۔قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کوبلاوجہ تنگ کرنے سےپاکستان کی ساکھ اور چار دہائیوں کے جذبہ خیر سگالی کا کردار متاثر ہوگا۔
لہذٰا آئندہ احکامات تک افغان مہاجرین جن کے پاس پی او آر کارڈ اور افغان شہریت کارڈ ہے انہیں ہراساں کرنے یا غیر ضروری کارروائی سے اجتناب کیا جائے۔