عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری کیلئے دوست ممالک سے رابطوں میں تیزی آگئی اور اس سلسلے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی سےملاقات کی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاکستان میں سعودی عرب کےسفیرنواف بن سعید المالکی سے ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ نےسعودی سفیر کو پاکستان کی معاشی پالیسی و حکمت عملی کے حوالےسےآگاہ کیا، سعودی سفیر نے پاکستان میں ادارہ جاتی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کی کوششوں کو سراہا۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پاکستان جامع ادارہ جاتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے، معاشی پالیسی اہم اقتصادی شعبوں میں تبدیلی لانے کے لیے تشکیل دی گئی ہے، ادارہ جاتی اصلاحات پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی،استحکام کیلئےانتہائی اہم ہیں۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ادارہ جاتی اصلاحات حکومت کی پالیسی کا بنیادی ستون ہیں، سعودی سرمایہ کاروں نےنجی شعبےکےساتھ مشترکہ منصوبوں،کاروباری تعاون میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کو مسلسل اقتصادی امداد فراہم کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی ن کہا کہ سعودی عرب پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھے گا، آنے والے مہینوں میں سعودی عرب کا ایک کاروباری وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ دورے کا مقصد مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔