بھارت نے پاکستان کی میزبانی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں آن لائن شرکت پر آمادگی ظاہر کردی۔
وزراء تجارت اجلاس کا ایحنڈا طے کرنے کیلئے سینئر حکام کا اجلاس جاری ہے، ایس سی او کے رکن ممالک کے سینئر حکام اجلاس میں شریک ہیں، ایجنڈا طے کرنے کے لئے سینئر حکام کا اجلاس کل بھی جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے قبل رکن ممالک کے وزرائے تجارت و معاشی امور کا اجلاس 12ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں رکن ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون پر مشاورت ہوگی۔ اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی وزیرتجارت و انڈسٹری پیوش گوئل کو بھی سفارتی چینلز کے ذریعے دعوت نامہ ارسال کر دیا گیا ہے جو اجلاس میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔
قبل ازیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جاچکی ہے تاہم ذرائع کے مطابق پاکستان میں اس سال اکتوبر میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شرکت نہیں کریں گے۔