وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کی زیرصدارت جیمز اینڈ اسٹونز سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ قیمتی پتھروں کی صنعت کی ترقی کے حوالے سے اہم سفارشات کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں سب کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور جیمز اینڈ اسٹونز کو وزارت صنعت سے منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیربرائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کی شراکت سے قیمتی پتھروں کی صنعت میں ترقی ممکن ہے، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا، ایکسپورٹ بڑھے گی اور زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ جیمز اینڈ اسٹونز ویلیو ایڈیشن والا شعبہ ہے، جسے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے کی ترقی کے لیے تیز تر اور بامقصد فیصلے کرنا ضروری ہیں اور تمام فیصلے نجی شعبہ کرے گا۔ اجلاس میں جیمز اینڈ اسٹونز کونسل کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا، جس کا چیئرمین نجی شعبے سے ہوگا اور وہ بااختیار ہوگا تاکہ فیصلے تیز اور درست ہو سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس اہم شعبے کی بہتری کے لیے وزیراعظم سے حتمی منظوری لی جائے گی اور جیمز اینڈ اسٹونز کے لیے بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، جنہوں نے اس حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔