یوم بحریہ پر صدراستحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان کی سمندری حدودکی حفاظت کے لیے مامور جوانوں کو سلام پیش کیا ہے۔ کہا نڈر اور بے خوف بَری،فضائ اور بحری افواج کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اورنجکاری عبدالعلیم خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے پاک بحریہ کے جوان گہرے پانیوں میں وطن عزیزکی حفاظت کے لیے سر بکف ہیں،8 ستمبر پاک بحریہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی خدمات کو سراہنے کا دن ہے،جانوں کی پرواہ کیے بغیر پاک دھرتی کی حفاظت ہماری پاک بحریہ کا اولین ترین مقصد ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا ہماری بحریہ نے ستمبر انیس سو پینسٹھ میں دشمن کا بھرپور اور مردانہ وار مقابلہ کیا، 8 ستمبر کے دن ہر محب وطن شہری پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
خیال رہے کہ سمندری حدود کے نگہبانوں کو سلام پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، آج یوم بحریہ اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ سمندری حدود کی حفاظت کے لیے بحری محافظ ہمہ وقت تیار ہیں۔