حساس ادارے کی اطلاع پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور سرکل نے بھارتی اور افغان باشندوں کی معاونت سے چلنے والا انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک پکڑ لیا۔
تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی اسمگلرز کیخلاف بڑی کامیابی مل گئی، لاہور سے بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا۔ مجرمانہ سرگرمیوں میں بھارتی اورافغان باشندے ملوث ہیں،ملزمان کا انٹرنیشنل ڈنکی گروہوں سےبھی رابطے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف آئی اے کےمطابق گروہ کا اپنا پرنٹنگ پریس تھا، جہاں کئی ممالک کی جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں ۔ ملزمان سادہ لوح عوام کو بیرون ملک روزگار کے جھانسے دے کر لوٹتے تھے۔ اداروں نےتفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیٹ ورک کو قانون کی گرفت میں لانے پر انٹیلی جنس ایجنسی اور ایف آئی اے لاہور کو شاباش دیتے ہوئے کہا یہ کامیاب آپریشن انسانی سمگلنگ کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں میں ایک اہم سنگ میل ہے انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔