تحریک انصاف کے سنگجانی جلسے کیلئے اسٹیج سج گیا ۔ کارکنوں ٹولیوں کی صورت میں پنڈال پہنچنا شروع ہوگئے ۔ ابھی تک پی ٹی آئی کا کوئی بڑا قافلہ پنڈال نہیں پہنچ سکا ۔ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظات ۔ انتظامیہ نےروٹ پلان جاری کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ جلسے کے پیش نظر اسلام آباد کے متعدد رستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جلسے کے لیے پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی ہے۔ جلسے کے پیش نظر اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میٹروبس سروس مکمل طور پر بند ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد کے کارکنوں کیلئے مارگلہ ایونیو مختص کیا گیا ہے، دیگر شہروں سے جلسہ گاہ آنے والے موٹروے کے ذریعے آئیں گے۔ ٹریفک روانی برقرار رکھنے کےلیے پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے جلسہ حقیقی آزادی کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا ۔ عمرایوب بولے کارکن ساری رکاوٹیں پار کرکے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ لاقانونیت اور ناانصافیوں کیخلاف تحریک اب نہیں رکے گی۔
انتظامی سختیوں کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے واضح کردیا کہ دھرنا ہوگا نہ لانگ مارچ۔ صرف جلسہ ہوگا جو حقیقی آزادی کیلئے پہلا قطرہ ثابت ہوگا۔
اسلام آباد آنے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند
اسلام آباد کےعلاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے پیش ںظر راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے تمام راستے کنٹینرز لگاکر مکمل طور پر بند کر دیئے گئے ۔ سروس روڈ اور تمام بڑی شاہراہیں بھی کنٹینرز لگاکر مکمل سیل کر دی گئیں۔ ڈبل روڈ، فیض آباد، کٹاریاں،ا ٓئی ایٹ میں کنٹینرز لگا کرراستے بند کردیئے گئے، ایکسپریس وے کھنہ پل پر دونوں اطراف سے کنٹینرزلگا کرمکمل طور پر سیل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے دوٹوک کہہ دیا کہ تحریک انصاف جلسہ کرے لیکن ایس او پیز پر بھی سختی سے عمل کرے بصورت دیگر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ عرفان نوازمیمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اسٹیج پر بیٹھنے والوں کی فہرست ابھی تک نہیں دی، ملک بھر سے آنے والوں کیلئے روٹس متعین کردیئے گئے، جلسے سے دیگرشہریوں کوپریشانی نہیں ہونی چاہیے۔
جلسہ گاہ کے مقام سے مشکوک بیگ برآمد
پولیس کے مطابق اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے مقام سے مشکوک بیگ ملا ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ مشکوک بیگ چیک کررہا ہے، جلسہ گاہ کے مقام پرسیکیورٹی سخت کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔