پاک بحریہ کے جنگی جہازوں شمشیر اور ہیبت نے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کا دورہ کیا اور جنگی مشق نصل البحر میں شرکت بھی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ابو ظہبی آمد پر پاک بحریہ کے جہازوں کا میزبان بحریہ کے اعلی افسران اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے استقبال کیا۔
مشن کمانڈر کی کمانڈنگ آفیسرز پی این ایس شمشیر اور پی این ایس ہیبت کے ساتھ میزبان اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کے معاون وزیر برائے سلامتی اور میری ٹائم افیئرز، مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت، پاکستانی سفیر اور طلباء نے جہاز کا دورہ بھی کیا اور دورے کے آخر میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں نے مشترکہ بحری مشق نصل البحر میں حصہ لیا۔
مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانا اور آپریشنل تیاریوں کو بہتر کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔